میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی کہ مختلف پلوں اور فلائی اوور کے نیچے فلاحی اداروں نے کھانا کھلانے کے دسترخوان کھولے ہوئے ہیں انہیں ختم کیا جائے۔
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں کراچی بیوٹیفکیشن ٹاسک فورس کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کمشنر کراچی حسن نقوی، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمدشاہ، ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور مختلف بلدیاتی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی
اجلاس میں آئی آئی چندریگر روڈ، عبداللہ ہارون روڈ، شارع فیصل، شاہراہ پاکستان اور کار ساز روڈ کی بیوٹیفکیشن سے متعلق بریفنگ دی گئی
اس موقع پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ہدایت کی کہ مختلف پلوں اور فلائی اوور کے نیچے این جی او نے کھانا کھلانے کے دسترخوان کھولے ہوئے ہیں انہیں ختم کیا جائے۔ ان شاہراہوں سے وال چاکنگ فوری طور پر ختم کی جائیں۔ ان شاہراہوں سے کورنوکارپس درختوں کو ختم کیا جائے گا اور کراچی کے روایتی درخت لگائے جائیں گے
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وال چاکنگ کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔ان شاہراہوں پر موجود تاریخی عمارات کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔عبداللہ ہارون روڈ پر 16 تاریخی عمارات موجود ہیں۔ان سڑکوں پر ایک ہی ڈیزائن کی اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ آئی آئی چندریگرروڈ پرمختلف اداروں کے بورڈز ہیں انہیں ڈیجیٹل کرنے کی تجویز ہے۔ سوسائٹی قبرستان کی بیرونی دیوار کو خوبصورت انداز میں تعمیر کی جائے تاکہ سڑک کی دلکشی میں اضافہ ہو۔جہاں جہاں سڑکوں پر پیچ ورک کی ضرورت ہے پیر سے کام شروع کردیا جائے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شہید ملت روڈ اور دیگر مقامات پر فلائی اوور کے نیچے پارکنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شارع فیصل پر شادی ہال کی پارکنگ کو بہتر بنانا ضروری ہے۔ شارع فیصل کے دونوں اطراف سروس روڈ کو بہتر کیا جائے گا۔ناتھا خان برج سے ایئرپورٹ تک بیوٹیفکیشن کی ضرورت ہے۔
آئی آئی چندریگر روڈ پر ریلوے گراؤنڈ میں پارکنگ کی تجویز ہے اس سلسلے میں ریلوے حکام سے بات کی جائے گی۔ آئی آئی چندریگر روڈ، شارع فیصل، شاہراہ قائدین اور عبداللہ ہارون روڈ پر لٹکی ہوئی تاروں کو کاٹ دیا جائے گا