سندھ بھر میں غیر قانونی افغان تارکین وطن کے خلاف کارروائیوں کے دوران 307 افراد کو امین ہاؤس ٹرانزٹ کیمپ سے ملک بدر کیا گیا۔
ابتدائی طور پر 313 افراد کی فہرست مرتب کی گئی، جانچ پڑتال اور تصدیق کے بعد 307 افراد کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد افغانستان واپس بھیج دیا گیا۔
سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کے مطابق ملک بدر کیے جانے والوں میں 79 بچے، 37 خواتین اور 191 مرد شامل ہیں۔افغان شہریوں کو اس لئے ڈیپورٹ کیا جا رہا ہے کیونکہ وہ غیر قانونی طور پر ملک میں مقیم تھے
انہوں نے کہا غیر قانونی تارکین وطن کے انخلا کی مہم جاری رہے گی، عالمی قوانین اور ضابطوں پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
دنیا بھر میں غیر قانونی تارکین وطن سے متعلق جو قوانین موجود ہیں، ان کی پیروی کی جا رہی ہے، پاکستان بھی اسی عالمی اصول کے تحت غیر قانونی تارکین وطن کو ان کے وطن واپس بھیج رہا ہے
حکومت سندھ انسانی ہمدردی کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے قانون کے مطابق اقدامات کر رہی ہے،
حکومت سندھ کی یہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی تاکہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف مؤثر کارروائی کی جا سکے۔