Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

کراچی میں عید کے تین روز میں مختلف ٹریفک حادثات میں 7 افراد جاں بحق، 175 زخمی

عیدالفطر کے تین دن میں مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران 7 افراد جاں بحق اور 175 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

 اورنگی ٹاون میں تیز رفتار رکشہ سڑک پر کھڑے ٹینکر سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے تنیجے میں رکشہ ڈرائیور زین اللہ جاں بحق ہوا۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ رکشے کی بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔

لیاقت آباد ڈاکخانہ کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ چھیپا حکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 17 سالہ حسنین کے نام سے کرلی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق حادثے کے بعد کار سوار شخص فرار ہوگیا۔ سپرہائی وے چاکر ہوٹل کے قریب بھی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے راہ گیر بچی جاں بحق اور والدہ زخمی ہوگئی۔ ٹریفک حادثے سے متاثرہ ماں بیٹی کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انکی شناخت 10 سالہ مارو دختر سجن علی اور 35 سالہ ثمنا زوجہ سجن علی کے ناموں سے کرلی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق حادثے کے بعد فرار ہونے والے کار سوار شخص کی تلاش جاری ہے۔ ساٗئٹ حبیب بینک چورنگی اور ملیر معین آباد میں موٹر سائیکل سوار نوجوان تیز رفتاری کے باعث ٹریفک حادثات کے دوران جاں بحق ہوئے۔

ملیر معین آباد میں تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل سلپ ہونے سے 19 سالہ ارقم نامی نوجوان جاں بحق ہوا جبکہ سائٹ حبیب بینک چورنگی کے قریب تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل سوار نوجوان کھمبے سے جاٹکرایا۔ تاہم حادثے میں جاں بحق شخص کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔

کورنگی ابراہیم حیدری کے قریب ٹریفک حادثے میں 65 سالہ محمد جمیل جاں بحق ہوا۔ ایدھی حکام کے مطابق ٹریفک حادثہ کار کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں پیش آیا تھا۔ جبکہ گلشن اقبال ڈسکو بیکری کے قریب مبینہ طور پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق دوسرا زخمی ہوا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد ماموں بھانجا ہیں۔ حادثے کو دوران بھانجا جاں بحق اور ماموں زخمی ہوا۔ جاں بحق کم عمر لڑکے کی شناخت 13 سالہ ارشد جبکہ زخمی کی شناخت حیدر کے نام سے ہوئی ہے۔ حادثے کا مقدمہ تھانہ گلشن اقبال میں درج کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب چھیپا اور ایدھی حکام نے بتایا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے دوران 175 سے زائد شہری زخمی ہوگئے۔

Share this news
Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
جواب دیں
Related Posts