سندھ میں رمضان المبارک کے پیش نظر میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کی تاریخوں میں تبدیلی کر کے نئی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے۔
سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سردار شاہ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ سندھ میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات 7 اپریل سے ہوں گے اور 25 اپریل تک جاری رہیں گے جبکہ عملی امتحانات (پریکٹیکل) برائے 2025 کا آغاز 10 مارچ سے ہوگا۔
محکمہ تعلیم اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کی مطابق انٹرمیڈیٹ (گیارہویں اور بارہویں جماعت) کے سالانہ نظری امتحانات برائے 2025 کا آغاز 28 اپریل سے ہوگا جبکہ عملی امتحانات اس کے بعد ہوں گے۔ فیصلے کی مطابق نئے تعلیمی سال کا آغاز 7 اپریل سے ہوگا۔
یاد رہے کہ سندھ میں میٹرک کے امتحانات 15 مارچ سے شروع ہونے تھے تاہم رمضان المبارک کے باعث ان تاریخوں میں رد و بدل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ انٹرمیڈیٹ (فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر) کے امتحانات بھی نئے شیڈول کے مطابق 28 اپریل سے شروع ہوں گے جو پہلے 15 اپریل کو ہونا تھے۔