آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے پاکستان اور بھارت کے دبئی میں ہونے والے گروپ میچ کے تمام ٹکٹس ایک گھنٹے میں فروخت ہوگئے۔
پاک بھارت معرکے کے کم سے کم ٹکٹ کی قیمت 500 درہم جبکہ 12 ہزار 500 درہم کا مہنگا ترین پاس بھی رکھا گیا۔ پیر کی شام چار بجے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں جیسے ہی پاک، بھارت ٹاکرے کیلئے ٹکٹس کی فروخت کا آغاز ہوا تو دُنیا بھر کا ٹریفک اُس ویب سائٹ پر اُمڈ آیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تقریباً ایک لاکھ چالیس ہزار فینز نے آن لائن ٹکٹ کے حصول کےلیے دلچسپی ظاہر کی اور ایک گھنٹے میں 23 فروری کو دبئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کے تمام ٹکٹس فروخت ہوگئے۔ دبئی اسٹیڈیم میں 500 اور ساڑھے بارہ سو درہم کے علاوہ ایک ہزار، 1200، ڈھائی ہزار، 5 ہزار درہم کے ٹکٹس بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ہونے والے میچز کی ٹکٹوں کی آن لائن فروخت پہلے ہی گزشتہ منگل سے شروع ہوچکی ہے، فائنل کے ٹکٹس دبئی میں پہلے سیمی فائنل کے اختتام کے بعد جاری کیے جائیں گے۔