کراچی کے لڑکے شادی کیلئے امریکا سے آنے والی خاتون اونیجا اینڈریو رابنس کراچی ایئر پورٹ سے ٹیکسی میں بیٹھ کر نامعلوم مقام پر روانہ ہو گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی نے بتایا امریکی خاتون نے پولیس سے کہا کہ اپنے شوہر کے پاس جا رہی ہوں، جس کے بعد وہ کراچی ایئر پورٹ سے ٹیکسی میں بیٹھ کر نامعلوم مقام پر چلی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ امریکا واپس جانے سے انکار کرنے والی خاتون نے قونصلیٹ کی ٹیم سمیت کسی سے بھی مدد لینے سے انکار کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی خاتون امریکی قونصل خانے کے عملے کے ساتھ جانے سے انکار کر کے ایئر پورٹ سے لڑکے کی تلاش میں خود ہی روانہ ہو گئی۔ خاتون نے کہا تھا کہ مجھے امریکی قونصل خانے کی مدد نہیں چاہیے۔
ایئر پورٹ حکام کے مطابق امریکی خاتون کے پاس ایئر پورٹ سے باہر جانے کا 15 روز کا پرمٹ ہے۔ خاتون گارڈن کے علاقے میں ندال احمد میمن نامی لڑکے کی تلاش میں ایئر پورٹ سے روانہ ہوئی ہے، وہ وزٹ ویزے پر پاکستان آئی تھی۔ امریکی خاتون کو وطن واپس بھیجنے کے لیے کئی گھنٹوں سے کوشش جاری تھی۔
اس سے قبل اس معاملے پر کراچی ایئر پورٹ کے حکام نےامریکی قونصل خانہ کراچی سے رابطہ کیا تھا اور ان سے درخواست کی تھی کہ امریکی خاتون مسافر کے معاملے کو حل کیا جائے جس پر امریکی قونصل خانے کی 2 رکنی ٹیم نے ایئر پورٹ پر خاتون سے ملاقات کی تھی اور اسے امریکا روانہ ہونے کے لیے منانے کی کوشش بھی کی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستانی نوجوان کی محبت میں کراچی پہنچنے والی امریکی خاتون نے آج صبح واپس امریکا جانے سے انکار کر دیا تھا اور اس کی خلیجی ایئر لائن کی پرواز اسے لیے بغیر ہی نیویارک روانہ ہو گئی تھی۔
اونیجا اینڈریو رابنس نامی خاتون کو گارڈن کراچی کے 19 سالہ ندال میمن سے محبت ہوگئی تھی اور وہ 11 اکتوبر کو کراچی پہنچی تھیں تاہم یہاں پہنچنے کے بعد نوجوان نے شادی سے انکار کردیا تھا۔