شہر قائد میں یخ بستہ ہوائیں تھمنے سے سردی کی شدت میں معمولی کمی آگئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب سے بلوچستان میں داخل ہونے والے نئے سلسلے کی وجہ سے کراچی میں داخل ہونے والی ہوائیں تھم گئیں، مغربی سلسلے کی ملک کے بالائی علاقوں کی جانب منتقلی کے بعد یخ بستہ ہوائیں دوبارہ کراچی پر اثر انداز ہوں گی۔ 24 جنوری سے کراچی میں شمال مشرقی سمت کی سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کی جانب سے چلنے والی ہواؤں کے سبب درجہ حرارت گرنے اور سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 اور کم سے کم 1 2ڈگری سینٹی گریڈ متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ ہلکی دھند کے باعث حدِ نگاہ 2.5 کلو میٹر ریکارڈ ہوئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے تاہم کشمیر،گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اورشمال مغربی بلوچستان میں بارش اور پہا ڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع اور با لا ئی سندھ میں ہلکی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
کشمیر،گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں بارش اور پہا ڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، شمال مغربی بلوچستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں بالائی خیبر پختونخوا سمیت چند مقامات پر بارش ہوئی، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔ قلات شہر اور گرد و نواح میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔