محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج سے درجہ حرارت میں معمولی اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔ جسکے پیش نظر شہر میں آج سے سردی کی شدت میں کمی کا امکان ہے تاہم آنے والے دنوں میں سردی کی ایک اور لہر شہر کو متاثر کرسکتی ہے۔
جیو نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی میں آج سے درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا اور 21 جنوری تک دن کے اوقات میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں رات کے اوقات میں شہر کا موسم خنک ہی رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 10.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں شمال مشرق سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار سے ہواٸیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 53 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں 22 جنوری سے سردی کی ایک اور لہر آنے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے سسٹم کی وجہ سے شہر میں 22 جنوری سے سردی کی لہر اثر انداز ہوسکتی ہے جسکے پیش نظر شہر میں ایک بار پھر درجہ حرارت میں کمی ہوگی اور سردی میں اضافہ ہوگا۔