کراچی میں اورنگی ٹاؤن کے علاقے پاکستان بازار سے خود کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے افسران ظاہر کرکے شہریوں سے بھاری رقوم بٹورنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ڈان نیوز کے مطابق تینوں ملزمان مبینہ طور پر پاکستان بازار تھانے کی حدود میں مکانات کی تعمیر کرنے والے شہریوں کو بائی لاز کی خلاف ورزی کا کہہ کر بلیک میل کرنے اور بھاری رقوم بٹورنے میں ملوث تھے۔
اس سے قبل بھی یہ ملزمان علاقے میں مکانات تعمیر کرنے والے شہریوں سے پیسے وصول کر چکے ہیں۔ ملزمان کا طریقہ واردات ہے کہ وہ زیر تعمیر گھروں کو سیل کر دیا کرتے تھے، اور پیسے لے کر ڈی سیل کر دیتے تھے، پیسوں کا لین دین چائے کے ہوٹلوں پر کیا جاتا تھا، علاقے کے شہری ان رشوت خور جعلی افسران سے تنگ آچکے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان ایک مکان تعمیر کرنے والے شہری سے پیسے لینے آئے تھے، جس کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے ایس بی سی اےکی جعلی فائلیں اور دستاویزات برآمد ہوئی ہیں، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔