پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ سے متعلق فنانشل بڈ منظور ہونے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ فنانشل بڈ سے متعلق غلط خبریں گمراہ کن ہیں، ترکی کنسورشیم (ٹی ای آر جی) کی مالی پیشکش/فنانشل بڈ منظور ہونے کا دعویٰ بے بنیاد اور غیر مستند ہے۔
پی اے اے نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ آؤٹ سورسنگ کا معاملہ قانونی عمل سے گزر رہا ہے، میڈیا سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے اپیل ہے کہ وہ باضابطہ اعلان کا انتظار کریں۔ بیان میں کہا گیا کہ قومی معاملات پر غیر مصدقہ رپورٹنگ نقصان دہ ہو سکتی ہے، آؤٹ سورسنگ فنانشل بڈ سے متعلق باضابطہ اعلان مناسب وقت پر جاری کیا جائے گا۔