کراچی میں آج بھی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور سردی میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور رات میں خنک رہنے جبکہ وقفے وقفے سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
کراچی میں گزشتہ روز کم سے کم درجۂ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ آج کم سے کم درجۂ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں ہوا میں نمی 31 فیصد ہے اور شمال مشرق سے چلنے والی ہوا کی رفتار 12 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
دوسری جانب کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم سرد ہے جبکہ اندرونِ بلوچستان اور شمال مشرقی اضلاع میں بھی موسم شدید سرد ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق وادیٔ کوئٹہ اور قلات میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 5، سبی میں 5 اور نوکنڈی میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔