کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں کار پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے شہری جاں بحق ہوگیا
ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا کہ نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی سے حیدری مارکیٹ جاتے ہوئے بلاک ایچ سروس روڈ پر قائم جھومر شادی لان کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور اس دوران ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مقتول سروس روڈ پر پارکنگ میں کھڑی ہوئی اپنی سفید رنگ کی آلٹو کار کے پاس پہنچا ہی تھا کہ اس دوران اسے عقب سے نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، مقتول کو پشت پر ایک گولی لگی تھی۔
انھوں نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 50 سالہ فضل زمان کے نام سے کی گئی جبکہ مقتول کی جیب سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی جانب سے جاری این او سی لیٹر ملا ہے جو کہ گلشن معمار کے سیکٹر زیڈ کے ایک کمرشل پلاٹ پر قائم دکانوں کے حوالے سے جاری کیا گیا تھا۔
ایس ایس پی ذیشان شفیق کا کہنا تھا کہ نارتھ ناظم آباد میں گاڑی پر فائرنگ سے جاں بحق شخص کے پاس سے کچھ دستاویزات بھی ملی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ فائرنگ سے ہلاکت کا واقعہ ابتدائی طور پر دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے، مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔