کراچی کے علاقے کارساز کے قریب گزشتہ روز پیش آنے والے حادثے کا مقدمہ خاتون ڈرائیور کے خلاف درج کرلیا گیا، ایس ایچ او بہادرآباد کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ خاتون نشے میں نہیں تھی۔ گزشتہ شام پیش آنے والے حادثے میں باپ بیٹی جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ 5 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 62 سالہ عمران عارف اور 23 سالہ آمنہ کے نام سے ہوئی ہے۔
آمنہ کے بھائی اسامہ نے بتایا ہے کہ آمنہ تین بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھی اور والد کے ساتھ نجی کمپنی سے گھر آرہی تھے۔ اسامہ نے بتایا کہ انکے والد گلی محلے میں پاپڑ فروخت کرتے تھے۔ والد اسکیم 33 سے اپنی بیٹی کو لینے اسکے آفس گئے تھے۔ آفس سے بائیک پر بیٹی کو لیکر نکلے تھے کہ لینڈ کروزر نے باپ بیٹی سمیت کئی موٹرسائیکل سواروں اور ایک گاڑی کو ہٹ کیا۔
پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے 62 سالہ عمران عارف کے چھوٹے بھائی امتیاز عارف ولد شہزاد منظر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے حادثے کی ذمے دار خاتون ڈرائیور نتاشا کو باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا۔
ایس ایچ او بہادرآباد نے بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون ڈرائیور نتاشا نشے میں نہیں تھی۔ حادثے میں اسکے سر پر بھی چوٹ آئی تھی پولیس نے حادثے کی ذمے دار خاتون ڈرائیور نتاشا کو طبی معائنے کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا جہاں اس کا سی ٹی اسکین کیا گیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔