پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد کی جانب ممکنہ لانگ مارچ اور احتجاج کے پیش نظر وفاقی پولیس نے امن و امان یقینی بنانے کی تیاریاں شروع کردیں۔ اسلام آباد کے ریڈ زون کو کنٹینرز رکھ کر سیل کردیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا عندیہ دے دیا ہے لیکن لانگ مارچ کی تاریخ سامنے نہیں آئی۔ تاہم اس اعلان اور ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے امن و امان یقینی بنانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون کو کینٹینرز لگا کر سیل کردیا گیا ہے، جب کہ صوبوں سے پولیس، رینجرز اور ایف سی کے 30 ہزار اہلکار طلب کرلئے گئے ہیں۔
اسلام آباد کے ریڈ زون کے داخلی راستوں پر کنٹینرز لگانے کے ساتھ انتظامیہ کےمطابق نادرا چوک کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا۔ ڈی چوک کو بھی خاردار تاریں اور کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد شہر میں سینکڑوں کنٹینرز بھی لگائے جائیں گے، اورپولیس ذرائع کے مطابق شہراقتدار کے داخلی راستوں پر کنٹینرز لگانے کے علاوہ خندقیں کھودنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
آنسو گیس پھینکنے والے ڈرونز اور اضافی شیل بھی طلب کر لئے گئے ہیں، پولیس اہلکاروں اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، آپریشنز ڈویژن کو قیدی وینز فراہم کرنے اور زخمیوں کے لئے ایمبولینسز بھی الرٹ کر دی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے خبردار کیا ہے کہ عمران خان نے کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔
حکومتی انتظامات پر تنقید کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت ہوش کھو بیٹھی ہے۔ابھی تو اسلام آباد بند کرنے کی کوئی کال ہی نہیں دی ابھی سے پورا شہر قلعہ بنا رہے ہیں۔