پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 20 ستمبر سے ہورہا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان یہ سیریز تاریخی اہمیت کی حامل ہے اور اس سیریز میں متعدد ریکارڈ اور سنگ میل بھی پاکستان ٹیم اور کھلاڑیوں کے منتظر ہیں۔
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 17 سال کے طویل عرصے بعد پاکستان آئی ہے اور یہ پہلا موقع ہوگا جب پاکستانی سرزمین پر دونوں ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں مدمقابل ہوں گی۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران پاکستانی ٹیم کرکٹ کے اس مختصرترین فارمیٹ میں میچز کی ڈبل سینچری بھی مکمل کرلے گی اور پاکستانی ٹیم یہ سنگ میل عبور کرنے والی دنیا کی پہلی ٹیم ہوگی۔
پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 196 میچز کھیلے اور انہیں 200 میچز مکمل کرنے کیلئے 4 میچ درکار ہیں۔ قومی ٹیم دنیا میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے والی ٹیم ہے۔
پاکستان نے 196 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سے 120 میچ جیتے ہیں، 68 میچز میں شکست ہوئی۔ 5 میچ بے نتیجہ رہے جبکہ 3 میچ ٹائی ہوئے ہیں۔ میچ ٹائی ہونے کے بعد سپر اوور میں پاکستان نے 3 میں سے صرف ایک میچ جیتا ہے جبکہ دو میچز میں شکست کا داغ سہنا پڑا۔
قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کے کامیاب ترین کپتان بننے سے صرف ایک فتح کی دوری پر ہیں۔ بابراعظم ایک میچ جیت کر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ میچز جیتنے والے پاکستان کے کپتان بن جائیں گے۔
بابراعظم نے 47 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 29 فتوحات حاصل کی ہیں۔ 13 میں شکست ہوئی ہے۔ جبکہ 5 میچ بے نتیجہ رہے ہیں۔ سرفرازاحمد نے 37 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سے 29 جیتے تھے 8 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
انگلینڈ کے خلاف 7 ٹی ٹوئنٹی میچز پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم ٹی ٹوئنٹی کیرئیر میں 3000 رنز مکمل کرنے کا اعزاز بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ بابراعظم 3000 رنز مکمل کرنے کیلئے 246 رنز درکار ہیں۔
بابراعظم کے اس وقت 80 میچز کی 75 اننگز میں 2754 رنز ہیں۔ کپتان نے اگلی 5 اننگز میں اگر یہ رنز بنالئے تو وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیزترین 3000 رنز بنانے کا ریکارڈ بنادیں گے۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں تیزترین 3000 رنز بنانے کا ریکارڈ بھارت کے ویرات کوہلی کے پاس ہے جنہوں نے 81 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمدرضوان سیریز کے دوران ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 2000 رنز مکمل کرسکتے ہیں۔ محمدرضوان کو 2000 رنز کا سنگ میل عبور کرنے کیلئے صرف 57 رنز درکار ہیں۔
محمدرضوان کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 62 میچز کی 51 اننگز میں 1943 رنز ہیں، رضوان اگلی چار اننگز میں درکار 57 رنز بناکر تیزترین 2000 رنز بنانے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آسکتے ہیں۔
محمدرضوان سیریز کے دوران وکٹوں کے پیچھے شکار کرنے کی نصف سینچری بھی مکمل کرسکتے ہیں۔ یہ کارنامہ انجام دینے کیلئے رضوان کو صرف 7 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا ہے۔
محمدرضوان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل وکٹوں کے پیچھے 43 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔ جس میں 35 کیچز اور 8 اسٹمپ شامل ہیں۔