کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ایک اور عمارت کو غیرقانونی قرار دے دیا گیا۔ عدالت نے ایس بی سی اے کو سات منزلہ عمارت کو گرانے کا حکم دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں غیر قانونی عمارت کی تعمیر سے متعلق سماعت ہوئی۔ درخواست گزار سید شاہنواز حسین نے عدالت کو بتایا کہ 90 گز کے پلاٹ نمبر 464/8 پر سات منزلہ عمارت تعمیر کردی گئی اور اس عمارت میں منظوری کے بغیر 14 پورشنز بنا دیئے گئے ہیں۔
جس پر عدالت نے ایس بی سی اے وکیل سے مکالمہ کیا کہ یہ عمارت ایک دن میں تو نہیں بنی ہوگی جس افسر نے کمنٹس داخل کیے اس نے اپنا نام کیوں نہیں لکھا۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ یہ ایس بی سی اے میں کس طرح کام چلایا جارہا ہے، جس پر وکیل ایس بی سی اے کا کہنا تھا کہ عمارت نقشے کے بغیر بنی ہے،ایک ماہ میں گرادیں گے۔
عدالت نے کہا کہ لگتا نہیں ہے کہ ایس بی سی اے میں اتنی صلاحیت ہے،اس لیئے آپ کا نام بھی لکھ رہے ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ نے لیاقت آباد میں 7 منزلہ غیر قانونی عمارت گرانے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے وکیل کی یقین دہانی اور عدالت کے آرڈر کی کاپی ڈی جی کو بھی بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چھ ہفتے بعد ڈائریکٹر ایس بی سی اے سینٹرل کمپلائنس رپورٹ کے ساتھ عدالت میں پیش ہوں۔