Close Button
Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد بہتر معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتا ہے، نگراں وزیراعلی سندھ

نگراں  وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے آئی بی اے یونیورسٹی سکھر میں پاکستان لٹریچر فیسٹیول کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب میں صوبائی وزیر محمد عمر سومرو، کمشنر سکھر ڈویژن سمیع الدین صدیقی، ڈی آئی جی سکھر عبدالحمید کھوسو، میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، ڈپٹی کمشنرز، چیئرمین ضلع کونسل سکھر کمیل حیدر شاہ، ماہرین تعلیم، ادیبوں سمیت نامور صحافیوں ، اداکاروں ، افسران اور طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 

نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے پاکستان لٹریچر فیسٹیول تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول سکھر ہماری قوم کے پائیدار جذبے کا ثبوت ہے۔ فن، ثقافت اور ادب کے دھاگے مل کر ہماری قومی شناخت کیلئے پل کا کام کرتے ہیں، آرٹس کونسل جیسی تنظیمیں کئی ثقافتوں کو ایک ساتھ جوڑنے میں ناگزیر کردار ادا کرتی ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل کراچی ثقافت کیلئے ایک مینار کے طور پر کھڑا ہے، آرٹس کونسل  ہمارے  ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے اور اس کے تحفظ کیلئے انتھک محنت کر رہا ہے جہاں تخلیقی صلاحیتوں و فکری گفتگو کو فروغ دینے کیلئے ان کا عزم بے مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ  ملک بھر میں  پاکستان لٹریچر فیسٹیول جیسے میگا ایونٹس کی میزبانی انکا منہ بولتا ثبوت ہے۔ آرٹس کونسل کے اس  تہوار نے قومی و علاقائی زبانوں کا ایک خوبصورت گلدستہ بنایا ہے۔ 

انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ سکھر میں ثقافتی و ادبی روایت کو فروغ دے کر عوامی رابطے کو اہمیت دی گئی اور اس طرح  ثقافتی  تقریبات ماضی کو حال سے جوڑنے والے پل بن جاتے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ یہاں ادبی میلے کا افتتاح  ہونا  فکری وثقافتی سرگرمیوں کیلئے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی ایونٹ  میں خیالات ،تخیلات اور متنوع آوازیں ہم آہنگ ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  اس وقت قوم کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔

نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ  تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد ایک بہتر معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ادبی میلے معلوماتی سیشنز اور تفریحی  لمحات کے ساتھ ساتھ  معاشرے  میں ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم ثابت ہوتے  ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں مشترکہ ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے اور دعا ہے کہ یہ ادبی سفر سب کیلئے روشن و تفریحی ثابت ہو۔ قبل ازیں انہوں نے پاکستان لٹریچر فیسٹیول سکھر کی افتتاحی تقریب میں مدعو کرنے پر صدر آرٹس کونسل کا شکریہ ادا کیا۔ 

 بعد ازاں نگراں وزیراعلیٰ سندھ  جسٹس (ر) مقبول باقر  نے خیرپور  اکنامک  زون  تھانے کی حدود میں فائرنگ کے واقعہ  کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعہ کی  تفصیلات طلب کرلیں اور ملزم کو گرفتار کرکے فوری رپورٹ دینے کے احکامات جاری کیے۔

Share this news

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts