پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ٹیلی تھون کے ذریعے فنڈ جمع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کل بروز پیر 29 اگست کی رات کو ٹیلی تھون کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں عمران خان نے بتایاکہ پارٹی کی سینئر قیادت کی ملاقات ہوئی جس میں سیلاب متاثرین کے لیے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے پیر کی رات کو انٹرنیشنل ٹیلی تھون کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ہمارےسینئر قائدین کا اجلاس ہوا اور ہم نےفیصلہ کیا کہ سیلاب متاثرین کی خاطر چندہ جمع کرنےکیلئےمیں پیر کی شب انٹرنیشنل ٹیلی تھون کروں گا۔امدادی سرگرمیوں کیلئےعمران ٹائیگرز کے رضاکاروں کو متحرک کیا جائے گا۔ ضرورت کی بناءپر فنڈز کی نشاندہی اورتخصیص کے عمل کو مربوط بنانے کیلئے
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 27, 2022
چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو فنڈ ریزنگ سے متعلق تمام امور کی نگرانی کرے گی اور جمع ہونے والی امداد تمام صوبوں میں سیلاب متاثرین تک پہنچائے گی۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی مدد کے لئے عمران ٹائیگرز کے رضاکاروں اور اہلکاروں کو امدادی کاموں کے لئے رضاکارانہ طور پر متحرک کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی سربراہ کا کہنا ہے کہ حقیقی آزادی کی تحریک فلڈ ریلیف سرگرمیوں کے ساتھ چلتی رہے گی، پیر کو سیلاب متاثرین کےلیے فنڈ اکٹھا کرنے کےلیے ٹیلی تھون کی جائے گی۔