پنجاب کے شہر سیالکوٹ کے سی ٹی آئی گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کی جانب سے بلا اجازت جلسے کی تیاریوں پر پولیس نے کریک ڈاؤن کردیا۔ مزاحمت پر عثمان ڈار سمیت متعدد رہنماؤں کو گرفتار کرلیا گیا۔
جلسہ گاہ میں پولیس بھاری مشینری کے ساتھ پہنچی اور گراؤنڈ میں اکھاڑ پچھاڑ کردی، سامان ہٹائے جانے پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مزاحمت کی گئی۔رہنما عثمان ڈار مشینری کے آگے اپنے کارکنان سمیت لیٹ گئے، انہوں نے کہا کہ یہ مشینری ہمارے اوپر سے گزرے گی۔
اس موقع پر عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ جیل میں ڈالنے سے کپتان کی محبت کم نہیں ہوگی، ہم جیل سے باہر نکلیں گے، پھر جلسہ کریں گے، عمران خان سیالکوٹ میں جلسہ کرنے آئیں گے، عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں، جیلیں بھر دیں گے۔
عثمان ڈار نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو بیان جاری کیا، انہوں نے کہا کہ ہمیں آج سیالکوٹ گراؤنڈ سے گرفتار کیا گیا، اس پرزنر وین میں انہوں نے ہمیں ڈالا ہے، یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں پرزنر وین میں ڈال کر عمران خان کے لیے ہمارے جنون اور جذبے کو قید کرلیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلسے کے لیے سی ٹی آئی گراؤنڈ کے مالکان سے اجازت نہیں لی گئی تھی، مالکان کی رضامندی کے بغیر کسی کو جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے، گراؤنڈ میں جلسے کی کال پر مسیحی برادری سراپا احتجاج ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت ہماری جگہ پر جلسہ کررہی ہے، عبادت گاہ کے سامنے جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے، متبادل جگہ دینے کے لیے تیار ہیں۔