کراچی میں گرمی کی لہر برقرار ہے ، محکمہ موسمیات کے مطابق آج پارہ 41 ڈگری سینٹی گریڈ چھونے کا امکان ہے تاہم ہیٹ ویو کا سلسلہ کل تک رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کراچی والوں کو کل تک اس گرمی کو برداشت کرنا پڑے گا، اس دوران ہیٹ ویوی کی صورتحال رہے گی جبکہ راتیں بھی گرم رہنے کا امکان ہے، کیونکہ درجہ حرارت کم ہونے کے باوجود گرمی کا احساس کم نہیں ہوگا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر میٹ انجم نزیر نے کہا ہے کہ شہر میں ہیٹ ویو کے دوران نمی کا تناسب انتہائی کم ہونے سے موسم شدید گرم اور خُشک رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ہے اور شمال مغربی سمت سے ہوائیں اس وقت 2 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دن بھر سمندری ہوائیں منقطع رہیں گی، جبکہ شام میں سمندری ہوائیں معمولی طور پر بحال ہو سکتی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز سے محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے تاہم 2۵ اپریل سے سمندری ہوائیں مکمل بحال ہو جائیں گی، سمندری ہواوٴں کی بحالی کے باعث نمی کا تناسب زائد ہونے سے گرمی زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں:کراچی میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان، آئندہ 24 گھنٹوں میں موسم کیسا رہے گا؟
موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں اپریل کے مہینے میں کراچی شدید گرم رہے گا، طبی ماہرین کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ گذشتہ روز پارہ اکتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچا، اور شدت تینتالیس ڈگری تک محسوس کی گئی۔
دوسری جانب سندھ کے دیگر شہروں میں بھی گرمی کا زور برقرار ہے، جیکب آباد میں تینتالیس، مٹھی، چھور اور شہید بینظیرآباد میں بیالیس، دادو اکتالیس، ٹھٹھہ اور سکھر میں چالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا۔ پنجاب کے علاقے مری، گلیات، جہلم، سیالکوٹ، نارووال اور گوجرانوالہ میں آج بارش متوقع ہے۔ شیخوپورہ اور گردونواح میں بھی چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے علاقے سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اور بونیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ جبکہ چترال، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور گردونواح میں بارش ہو سکتی ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔