سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری کا کراچی میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے اور ان کا غیر مجاز استعمال کرنے والوں کو نامزد کرکے ایف آئی آرز کٹوائی جائیں گی۔
اجلاس میں صوبائی وزراء سعید غنی، علی حسن زرداری اور چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری جی اے محمد نواز سوہو شریک ہوئے۔کمیٹی اجلاس میں متروکہ سرکاری گاڑیوں کی نیلامی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی اجلاس میں ممبران نے اپنی سفارشات پیش کیں اور اخراجات میں کمی یقینی بنانے کی تجاویز بھی دیں۔ جس پر سرکاری گاڑیوں کے استعمال، پیٹرولیم، آئل اور لبریکنٹس کے اخراجات کو کنٹرول کرنے اور بے کار گاڑیوں کی نیلامی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں کمیٹی ممبران نے ہدایت کی کہ گاڑیوں کی الاٹمنٹ اور ریگولیٹ کرنے کے لیے واضح رہنما خطوط پر عملدرآمد یقینی بنائی جائے،نیلامی کا عمل شفاف بنانے اور حاصل ہونے والے فنڈزترجیحی منصوبوں کے لیے مختص کرنے کی تجاویز بھی دی گئیں۔
اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال کے روک تھام اور پی او ایل کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔بے کار گاڑیوں کی نیلامی مکمل طور پر شفاف بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔