کورونا وائرس نے پاکستان میں دوبارہ انٹری دے دی، کراچی میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ کورونا کے حوالے سے حساس 25 اضلاع کے یومیہ شرح میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کی بلند ترین شرح19.09 فیصد شرح کراچی میں رہی، 24گھنٹے کے دوران حیدر آباد میں کورونا کی شرح 0.15 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 2043 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 390 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی اور شرح 19.09 فیصد رہی۔
محکمہ صحت کےمطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں مجموعی طورپرکوروناکی شرح 7.29 فیصد ریکارڈ کی گئی جب کہ حیدرآباد میں یہ شرح 0.15 فیصد رہی۔
اس کے علاوہ چوبیس گھنٹے میں گلگت، اسکردو میں کورونا کی شرح صفر ریکارڈ کی گئی جبکہ مظفر آباد میں کورونا کی شرح 4.62، میرپور میں3.33 فیصد رہی۔
ذرائع کے مطابق چوبیس گھنٹے میں کوئٹہ میں کورونا کی شرح 1.13 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ صوابی، بنوں، نوشہرہ میں کورونا کی یومیہ شرح صفر رہی۔
پشاور میں کورونا کی یومیہ شرح 2.90، ایبٹ آباد میں 2.02 فیصد، مردان میں کورونا کی یومیہ شرح 5.95، سوات 0.61 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کی یومیہ شرح 2.37 فیصد جبکہ 24گھنٹے میں گوجرانوالہ، گجرات، جہلم میں کورونا کی شرح صفر ریکارڈ کی گئی۔
اس کے علاوہ 24گھنٹے کے دوران لاہور میں یومیہ کورونا شرح 3.49، راولپنڈی میں1.51 فیصد، بہاولپور میں کورونا کی شرح 0.57 فیصد ریکارڈ کی گئی۔