ڈی سی کیماڑی کے دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے الزام میں پی ٹی آئی رہنماؤں پر مقدمہ درج

کراچی میں ڈی سی کیماڑی کے دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کا مقدمہ رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) علی زیدی، بلال غفار اور سعید آفریدی سمیت دیگر کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ اقدام قتل، دہشت گردی، ہوائی فائرنگ و دیگر دفعات کےتحت کاشف مبین نامی شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن میں مدعی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ میں ڈیوٹی پر موجود تھا، کئی لوگ اپنے کام کے سلسلے میں ڈی سی آفس آئے تھے، شام 5 بجے پی ٹی آئ کے 150 سے 200 کارکنان ڈی سی آفس آگئے جن کی قیادت علی زیدی، بلال غفار،عطااللہ، سعید آفریدی، شبیر قریشی کر رہے تھے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی رہنما اسلحہ، لاٹھی اور ڈنڈوں سے لیس ہو کر ڈی سی آفس کیماڑی کراچی پر نعرہ بازی کرتے ہوئے حملہ آور ہوئے اور لوگوں کو مار پیٹ شروع کردی اور جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ کی، فائرنگ سےعوام میں خوف و ہراس پھیل گیابعض لوگ زخمی بھی ہوئے۔

مدعی نے ایف آئی آر میں مزید کہا کہ دفاتر پر شدید پتھراؤ بھی کیا گیا، سرکاری عمارت میں داخل ہو کر دفتر میں موجود فرنیچر، سامان، دروازوں اور کھڑکیوں کی توڑ پھوڑ کی اور دفتر میں رکھا سامان اور لیپ ٹاپ اٹھا کر لے گئے، دفتر کی عمارت کو نقصان پہنچایا گیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

واضح رہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں دھاندلی کے الزامات پر گزشتہ روز شہر کے مختلف علاقوں میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی جانب سے احتجاج کے دوران جھڑپیں بھی ہوئیں۔

Spread the love
Leave a Reply
Related Posts