پاکستان کی فلم میکر حیا فاطمہ اقبال کی مختصر دستاویز فلم ‘As Far As They Can Run’ کو ایمی ایوارڈ کیلئے نامزد کردیا گیا۔ حیا فاطمہ اقبال نے ایوارڈ کیلئے نامزدگی پر خوشی کا اظہار کیا۔
حیافاطمہ اقبال نے فیس بک پوسٹ کے ذریعے آگاہ کیا کہ انکی فلم ‘As Far As They Can Run’ کو شاندار مختصر دستاویزی کیٹیگری میں ایمی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
حیا فاطمہ اقبال نے بتایا کہ یہ فلم میرپورخاص اور اس کے آس پاس کے بچوں کی زندگیوں کی پیروی کرتی ہے جو ذہنی معذوری کا شکار ہوتے ہیں اور آخر کار کھلاڑی بننے کی تربیت حاصل کرتے ہیں۔
پاکستانی فلم میکر نے لکھا کہ یہ میرے لیے خوشی اور اعزاز کی بات ہے کہ میں اس دیکھ بھال اور محبت کا مشاہدہ کروں جو کوچز نے اس کام میں لگایا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ یہ بچے اونچی پرواز کر سکیں۔ فلم میں شامل بچوں میں سے ایک ثناء کپری نے ابھی پچھلے مہینے برلن میں ہونے والے اسپیشل اولمپکس میں مشعل روشن کی تھی۔
حیا فاطمہ اقبال کا کہنا تھا کہ میرے پیارے دوست نادر صدیقی نے اس فلم کی شوٹنگ کی ہے اور ہم اس سے پہلے بھی ایمیز میں اکٹھے رہ چکے ہیں۔ حیافاطمہ اقبال نے بتایا کہ میں نے اس فلم پر بطور فیلڈ پروڈیوسر کام کیا ہے، اور بہت سے لوگ ہیں جنہوں نے یہ فلم بنائی ہے جو آج ان کی محنت اور ہمت سے بنی ہے۔