میئرکراچی کے انتخاب پر چیف الیکشن کمشنر سندھ نے بیان جاری کردیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نے میئر کراچی کے الیکشن کو پرامن اور شفاف قرار دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمشنر سندھ نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ میئر کراچی انتخابات پُر امن ہوئے ووٹنگ شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوئی، الیکشن کے تمام انتظامات بہترین تھے جس پر مطمئن ہیں کہ میئر کراچی کا انتخاب شفاف طریقے سے ہوا ہے۔
اعجاز چوہان نے اس حوالے سے مزید کہا کہ پولنگ اسٹیشن پر پہنچنے کی ذمے داری ووٹرز کی اپنی ہوتی ہے، الیکشن کمیشن نے گرفتار ارکان کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا، اس لیے جو لوگ گرفتار تھے انہیں بھی پروڈکشن آرڈر پر ووٹ دینے کے لیے لایا گیا۔
الیکشن کمشنر سندھ نے کہا کہ ایسی اطلاع نہیں ملی کہ کسی ووٹر کو ووٹ دینے سے روکا گیا ہو، اگر کسی ووٹر کو زبردستی روکا گیا ہے اور اس حوالے سے درخواست ملتی ہے تو ضرور کارروائی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے ووٹرز کو زبردستی روکنے سے متعلق کوئی درخواست ہی نہیں دی ہے۔ اگر ہمارے پاس اس سے متعلق کوئی مستند درخواست آتی تو اس کی تحقیقات کی جاتیں۔
واضح رہے گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے مرتضٰی وہاب 173 ووٹ لے کر میئر کراچی منتخب ہوئے تھے۔ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کو 161 ووٹ ملے تھے۔ میئر کراچی کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے کیا گیا تھا۔