نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کے ڈسٹری بیوشن لائسنس کی مدت میں 6ماہ کی عارضی توسیع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک کے لائسنس کی عارضی تجدید کی مدت لائسنس ختم ہونے کی تاریخ سے لے کر 6 ماہ اور اس معاملے میں اتھارٹی کے حتمی تعین تک تجدید کی ہے۔ کے الیکٹرک نے یکم دسمبر 2022ء میں لائسنس کی توسیع کی درخواست دی تھی۔
کے الیکٹرک کی درخواست میں نیپرا سے 20 سال کیلئے تجدید یا توسیع کی استدعا کی گئی تھی جسے نیپرا ایکٹ کے سیکشن 20 اور 25 کی شرائط کے تحت منظور کر لیا گیا۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ ریگولیٹری کا عمل مکمل ہونے میں 3 سے 6 ماہ کا عرصہ درکار ہوگا، اس وقت تک کیلئے کے الیکٹرک کچھ شرائط کے ساتھ کام جاری رکھے۔
نیپرا شرائط کے مطابق کے الیکٹرک کے پاس تقسیم یا الیکٹرک پاور سپلائی کی خدمات کیلئے خصوصی استثنیٰ نہیں ہوگا جبکہ اتھارٹی سروس یا رعایتی علاقوں میں دیگر لائسنس جاری کرنے کا حق رکھتی ہے۔ کے الیکٹرک بلک پاور کنزیومر کو کسی بھی کمپنی سے سپلائی کی اجازت دینے کی پابند ہوگی۔
شرائط کے مطابق کے الیکٹرک ڈسٹری بیوشن لائسنس کے آرٹیکل 9 کے تحت کسی بھی بلک پاور کنزیومر کو بجلی کی فراہمی یا پہیہ چلانے کیلئے تیسرے فریق کو اپنے سسٹم کے استعمال کی اجازت دینے کی بھی پابند ہوگی۔ کے الیکٹرک تقسیم اور سپلائی کے امور پر مندرجہ بالا شرائط پر عملدرآمد کے ساتھ کام جاری رکھے۔