وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے ساتویں ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری کے نتائج جاری کئے جاچکے ہیں۔ ادارہ شماریات کے جاری کردہ نتائج کے مطابق کراچی میں سب سے زیادہ ضلع شرقی میں آبادی ہے جبکہ ضلع کیماڑی سب سے کم آبادی والا ضلع ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق کراچی ڈویژن کی آبادی میں 5 سال کے دوران 43 لاکھ 57 ہزار 987 افراد کا اضافہ ہوا ہے اور کراچی کی مجموعی آبادی 2 کروڑ 3 لاکھ 82 ہزار 881 نفوس پر مشتمل ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں ضلع شرقی سب سے زیادہ آبادی والا ضلع بن کر ابھرا۔ ضلع شرقی میں مجموعی آبادی 39 لاکھ 50 ہزار 31 ہے۔
ضلع وسطی کی آبادی 38 لاکھ 22 ہزار 325، ضلع جنوبی کی آبادی 23 لاکھ 29 ہزار 764، ضلع غربی کی آبادی 26 لاکھ 79 ہزار 380 ہے۔ ضلع کورنگی کی آبادی 31 لاکھ 28 ہزار 971 اور ضلع ملیر کی آبادی 24 لاکھ 3 ہزار 959 افراد پر مشتمل ہے۔
کراچی میں سب سے کم افراد ضلع کیماڑی میں موجود ہیں جہاں کی آبادی ادارہ شماریات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مجموعی طور پر 20 لاکھ 68 ہزار 451 پر مشتمل ہے۔