Karachi
Current weather
Humidity-
Wind direction-

مردم شماری کی فکر ہے توایم کیوایم حکومت چھوڑے، ہماری مہم کا حصہ بنے، صدرپی ٹی آئی کراچی

پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے ایم کیوایم پاکستان کو مردم شماری پر اپنی مہم کا حصہ بننے کی دعوت دے دی۔ آفتاب صدیقی کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم حکومت چھوڑ کر ہماری مہم کا حصہ بنے۔

پی ٹی آئی رہنما آفتاب صدیقی نے پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی، اس دوران انہوں نے کہا کہ مردم شماری پر ان جماعتوں سے بات نہیں کریں گے جو اقتدار میں ہیں۔

ایم کیو ایم کو مردم شماری کی فکر ہے تو حکومت چھوڑ دے، ہماری مہم کا حصہ بنے، ہم نے اس معاملے پر جماعتِ اسلامی سے بھی بات کی ہے۔ کراچی کی 2 قومی اور 4 صوبائی نشستیں کم ہونے جا رہی ہیں، کراچی کی ہر سیاسی جماعت سے بات کریں گے۔

اُن کا کہنا ہے کہ مردم شماری پر آواز اٹھانا کراچی کے ہر شہری کی ذمہ داری ہے،  کراچی کی الٹی گنتی کو تحریکِ انصاف نے مسترد کر دیا ہے، مردم شماری میں کراچی میں 1 کروڑ 38 لاکھ افراد گنے گئے، 2017ء کی مردم شماری کو بھی ہم نے مسترد کیا تھا۔

صدر پی ٹی آئی کراچی نے یہ بھی کہا ہے کہ 27 اور 28 اپریل کو ہم ٹاؤن کی سطح پر احتجاجی کیمپ لگائیں گے، 29 اپریل کو ہم نے مردم شماری سے متعلق سیمینار رکھا ہے۔

Follow Times of Karachi on Google News and explore your favorite content more quickly!
Leave a Reply
Related Posts
Close Button