پی ٹی آئی سندھ کے صدر و سابق اپوزیشن لیڈر سندھ حلیم عادل شیخ نے قرآن مجید ہاتھ میں اٹھا کر حلف دے دیا۔ حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کبھی بھی پرائیوٹ و سرکاری اداروں پر پرتشدد حملوں کیلئے نہیں اکسایا ہے۔
حلیم عادل شیخ نے ملیر کورٹ میں دوران پیشی وکلاء کے ہمراہ اہم بیان دیتے ہوئے کہا میں یہ قرآن پاک ہاتھ میں اٹھا کر حلف اٹھاتا ہوں اگر کچھ غلط کہوں تو مجھ پر عذاب نازل ہو۔ عمران خان صاحب نے کبھی بھی ہمیں پرائیوٹ و سرکاری اداروں پرتشدد حملے کرنے پر نہیں اکسایا۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ میں اس وقت پی ٹی آئی سندھ کا صدر ہوں، سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی رہا ہوں اور کور کمیٹٰی کا ممبر بھی ہوں، دوسرا یہ بھی میں حلف اٹھاتا ہوں کہ جب کبھی بھی اشتعال ہوتا تھا جیسے 25 مئی کو شاید کوئی جگھڑا ہوسکتا تھا۔
حلیم عادل شیخ نے کہا جب پارلیمنٹ میں جارہے تھے اس وقت بھی خان صاحب واپس گئے تھے کہ خدانخواستہ کوئی جھگڑا نہ ہو۔ عثمان ڈار کی وڈیو آئی ہے جس میں کہا گیا کہ پر تشدد حملوں کے لئے عمران خان اکساتے تھے، میں کئی سال سے کور کمیٹی کا ممبر ہوں کبھی بھی عمران خان نے اپنے اداروں پر حملے کے لئے نہیں کہا۔
موجودہ آرمی چیف کی تعیناتی کو روکنے کے لئے ہمیں کسی سازش کا حصہ بننے کے لئے بھی نہیں کہا گیا، ہر کمیٹی میں ہم بھی ہوا کرتے تھے۔ حلیم عادل شیخ نے مزید کہا مجھے پچھلے تیس تاریخ کو گرفتار کیا گیا تھا، میں اپنی بیل کروا کر ہائی کورٹ آیا تھا جہاں گرفتار کیا گیا۔
میں کئی کیسز میں جیل میں ہوں ہر روز عدالتوں میں آتا ہوں، میں نے پہلے ہی کہا تھا میری میت آسکتی ہے وڈیو نہیں آئے گی، اس پر میں قائم ہوں، دو تین دن پہلے میرے نام سے بیان آیا تھا کہ میں نے جرم قبول کر لیا، ہمارے قوم کے لیڈر نے ہمیشہ ختم نبوت بات کی اور ناموس رسالت کی بات کی۔
حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ ملک کے لئے فوج مجھ سے زیادہ ضروری ہے۔ کووڈ 19 کے زمانے میں سول ملٹری بہترین تعلقات کی وجہ سے مشکل حالات سے نکلے تھے عمران خان آج بھی ہمارا لیڈر ہے کل بھی ہمارا لیڈر تھا اور میری آخری سانس تک عمران خان میرا لیڈر رہے گا۔