کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مشین آپریٹر جاں بحق ہوگیا۔
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر 8 میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جارہا ہے۔ پولیس کے مطابق علاقے میں آپریشن عدالتی حکم پر کیا جارہا ہے۔
تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران پولیس کو سخت مزاحمت کا سامنا ہے۔ آپریشن کے آغاز سے قبل پولیس علاقے میں پہنچی تو نامعلوم افراد کی جانب سے پولیس پر فائرنگ کردی گئی۔
نامعلوم افراد کی فائرنگ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن کرنے والی ہیوی مشینری کے آپریٹر کو گولی لگی جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور پھر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
فائرنگ اور مشین کے آپریٹر کے جاں بحق ہونے سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس نے صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے علاقے میں مزید نفری طلب کرلی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والوں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن میں مزاحمت کرنے والوں سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔