اٹلی کے جزیرے لامپیڈوسا کے قریب تارکین وطن کی ایک اور کشتی ڈوب گئی۔ کشتی ڈوبنے کے نتیجے میں 41 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔ 4 افراد کو بچالیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹلی کے جزیرے لامپیڈوسا کے قریب مہاجرین کی کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں 41 افراد ہلاک ہوگئے، کشتی تیونس کے شہر سفیکس سے اٹلی روانہ ہوئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق کشتی تیونس کے شہر سفیکس سے اٹلی روانہ ہونے کے تقریباً 6 گھنٹے بعد الٹ گئی۔ کشتی میں 45 افراد سوار تھے جس میں سے 41 ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق کوسٹ گارڈ حکام کا کہنا بتانا ہے کہ 4 زندہ بچ جانے والے تارکین وطن کو کارگو جہاز کے ذریعے بچایا گیا۔ بچ جانے والے چار افراد میں سے تین خواتین ہیں اور انکا تعلق آئیوری کوسٹ اور گنی سے ہے۔
تیونس میں حالیہ مہینوں میں سیاہ فام افریقیوں کے خلاف نسل پرستی کی لہر دیکھی گئی ہے اور کشتی کے ذریعے ملک چھوڑنے کی کوششوں میں اضافہ ہوا ہے۔ شمالی افریقہ سے یورپ جانے والے راستے میں اس سال اب تک 1,800 سے زائد افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔