پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف لاہور سے گزشتہ روز لانگ مارچ کا آغاز کردیا ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سربراہی میں شروع ہونے والے لانگ مارچ کی منزل شہر اقتدار اسلام آباد ہے۔
اسلام آباد پولیس نے لانگ مارچ سے نمٹنے کی تیاریاں بھی شروع کردیں ہیں۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس نے شہر میں موجود تمام ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤس مالکان کیلئے خصوصی حکم نامہ جاری کردیا۔
اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے شرکاء کو ہوٹل یا گیسٹ ہاؤس میں کمرہ کرایہ پر نہ دینے کا حکم جاری کیا ہے۔ حکم نامے میں اسلام آباد پولیس کا مزید کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر ہوٹل، گیسٹ ہاؤسز کی چیکنگ ہو گی۔
اسلام آباد پولیس کے حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ لانگ مارچ میں شریک شخص کو کمرہ کرائے پر دینے پر سخت کارروائی ہو گی۔
واضح رہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے مابین پنجہ آزمائی شروع ہو گئی ہے۔ پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ روز لبرٹی چوک لاہور سے لانگ مارچ کا آغاز کر دیا ہے۔