یوم تکریم شہدائے پاکستان، مرکزی تقریب میں جنرل (ر) قمرباجوہ، بابراعظم، مفتی منیب سمیت کئی اہم شخصیات کی شرکت

ملک بھر میں یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان آج منایا جارہا ہے۔ آج کے دن کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں یادگارِ شہدا پر ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر مہمانِ خصوصی تھے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھول رکھے، فاتحہ خوانی اور شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔

جی ایچ کیو میں ہونے والی مرکزی تقریب میں کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں پاک فضائیہ، پاک بحریہ کے سربراہان، حاضرسروس اور ریٹائرڈ افسران بھی شریک ہوئے جن میں سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ندیم رضا اور دیگر ریٹائرڈ افسران بھی موجود تھے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمدرضوان نے بھی جی ایچ کیو میں ہونے والی یوم تکریم شہدائے پاکستان کی تقریب میں شرکت کی۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، مفتی اعظم پاکستان رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مولانا مفتی منیب الرحمان سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات اور شہدا کے اہلخانہ نے شرکت کی۔

یوم تکریم شہداء کے موقع پر کیپٹن سلیمان شہید، میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر اور شہید میجر سرمس رؤف کی قبر پر ورثا اور لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ پاک فوج کے دستے نے شہداء کی قبروں پر گارڈ آف آنر پیش کیا اور چادر چڑھائی۔

 

Spread the love
جواب دیں
Related Posts