متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) لندن کی کورنگی میں ریلی کے بعد کراچی میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا۔ سیکیورٹی اداروں نے ایم کیوایم (لندن) کے کارکنوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔
کراچی کے کورنگی میں میں گزشتہ روز ایم کیوایم لندن کے کارکنوں کی جانب سے ریلی نکالی گئی اور بانی ایم کیوایم الطاف حسین کے حق میں نعرے لگائے گئے۔
ریلی نکالے جانے کی اطلاع ملنے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے ایم کیوایم لندن کے کارکنوں کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے کریک ڈاؤن شروع کردیا۔
احکامات ملتے ہی متعلقہ افسران کی جانب سے کراچی کے علاقے کورنگی کی ریلی میں شریک ایم کیوایم لندن کے کارکنان کی گرفتاریوں کا آغازکردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت سندھ اور سیکیورٹی اداروں کو ایم کیو ایم لندن کیخلاف سخت کارروائیوں کا حکم جاری کردیا گیا ہے جسکے بعد کورنگی اور لانڈھی میں پولیس اور رینجرز کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں، اعلیٰ سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم لندن ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے۔
حکام کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی را سے تعلق رکھنے والے گروپ کو ملک میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
اعلیٰ حکام کا فیصلہ ہے کہ ایم کیوایم لندن کو کسی صورت سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی، کورنگی میں ریلی کے منتظمین اور متعدد شرکاء کو شناخت کرلیا گیا ہے انہیں بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔