ڈی جی سول ایوی ایشن خاقان مرتضیٰ نے کراچی ائیرپورٹ کے قریب اونچی عمارتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدانخواستہ کوئی حادثہ ہوگیا تو ہم دنیا میں اس کا دفاع نہیں کرسکیں گے۔
جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈی جی سول ایوی ایشن خاقان مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ جوبلڈنگ کے ہائٹس کےقوانین کی خلاف ورزی میں ملوث ہیں ان کے خلاف صوبائی حکومتوں کو لکھتے ہیں۔
کراچی میں تین 4 عمارتوں کے خلاف سندھ حکومت کو لکھا لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی جب کہ چیف سیکرٹری سندھ، ضلعی انتظامیہ سندھ کی جانب سے بھی کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں بلڈنگ لا کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، سول ایوی ایشن کوئی ایکشن نہیں لے سکتا، کراچی کے ایک بلڈر نے خلاف قانون تین بلڈنگز بنا رکھی ہیں،بلڈر نے میرے خلاف ایف آئی آر بھی کروائی تھی۔
ڈی جی سول ایوی ایشن نے کراچی ائیرپورٹ کے قریب اونچی عمارتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر خدانخواستہ کوئی حادثہ ہوگیا تو ہم دنیا میں اس کا دفاع نہیں کرسکیں گے۔