کراچی کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ پانی کے گڑھے میں گر 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔ علاقہ مکینوں کی جانب سے انتظامی مسائل پر احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق اتحاد ٹاؤن تھانے کی حدود بلدیہ پاکستان ہوٹل کے قریب پانی کے گڑھے میں ایک لڑکا گر گیا اسی دوران دوسرا لڑکا اسے بچانے گیا اور وہ بھی اندر جا گرا۔
شور مچنے پر لوگ جمع ہوگئے جنہوں نے دونوں بچوں کو گڑھے میں سے نکال کر اسپتال منتقل کیا تاہم ڈاکٹرز نے دونوں کی موت کی تصدیق کردی۔
جاں بحق ہونے والے دونوں بچوں کی شناخت 14 سالہ عبید اللہ ولد بابر خان اور 15 سالہ عدیل ولد ہارون کے ناموں سے ہوئی جو اسی علاقے کے رہنے والے تھے ۔
بچوں کے ورثا اور علاقہ مکینوں کی جانب سے واقعے کے خلاف سخت غم و غصے کا اظہار اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہر طرف مسائل کے انبار ہیں لیکن اسکے حل کے لیے کوئی سنوائی نہیں ہے اور نہ ہی کسی کی جانب سے کوئی سنجیدہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔