پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کراچی کے شہریوں سے ضمنی انتخاب میں عمران خان کو کامیاب کرانے کی درخواست کی ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان آج کراچی آرہے اور جلسے سے خطاب بھی کریں گے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان کے آنے کا اعلان ہی ہوا ہے اور عمران خان کے کراچی آنے سے سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کی کانپیں ٹانگنے لگی ہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ کراچی کو گندا ترین شہر بنا دیا گیا، کراچی والے اگر قومی دھارے میں شامل ہونا چاہتے ہیں تو الیکشن میں شامل ہوں۔ کراچی والے اگر اسٹریٹ کرائم سے نجات چاہتے ہیں تو عمران خان کا ساتھ دیں، شہر مین امن و امان نہیں ، آئی جی غائب ہے اور ایڈیشنل آئی جی غلام بنے ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ عمران خان کا دل کراچی والوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، ضمنی الیکشن میں ووٹر ٹرن آؤٹ مثالی رہے گا۔ کراچی کپتان کا ہے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ انسداد دہشتگردی عدالت میں آج تین کیسز تھے، جس طرح اسلام آباد میں عمران خان کو پھنسایا ہوا ہے میرے خلاف بھی جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ کیسز بنا دیئے جاتے ہیں لیکن گواہان پیش نہیں ہوتے جبکہ احتساب عدالت سے این آر او ٹو لینے والے آزاد ہورہے ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ اعظم خان سواتی کے ساتھ دہشتگردی کی گئی، سینیٹ کے رکن پر ایف آئی اے نے تشدد کیا ملک میں ایسی فاشسٹ حکومت پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدلیہ پر اعتماد کرتے ہیں، بہت جلد انقلاب آنے والا ہے۔