کراچی میں گزشتہ چند دنوں سے جاری گرمی کی شدت میں معمولی کمی آگئی۔ محکمہ موسمیات نے رواں سال مون سون میں معمول سے کم بارشوں کی پیشگوئی بھی کردی۔
کراچی میں گزشتہ 4 دنوں سے موسم انتہائی گرم تھا اور درجہ حرارت 40 ڈگری سے بھی تجاوز کرگیا لیکن آج گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے جیو نیوز کو انٹرویو میں بتایا ہے کہ کراچی میں سمندری ہوائیں بحال ہوگئی ہیں جسکے باعث گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے اور شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں جنوب مغرب کی سمت سے 15 سے 16 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں،جن میں نمی کا تناسب 69 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق مئی کے مہینے میں کسی ہیٹ ویو کا امکان نہیں ہے تاہم مئی اور جون کے مہینے عام طور پر گرم اور معتدل ہوتے ہیں اور ان دنوں مہینوں میں موسم گرم اور خشک ہی رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ نے رواں سال مون سون کے سیزن میں کراچی میں معمول سے کم بارشوں کی بھی پیشگوئی کی ہے۔