شہرقائد ہواؤں کے رخ میں تبدیلی کے باعث ان دنوں شدید گرمی کی لہر کے لپیٹ میں ہے۔ موسم گرما کے آغاز پر ہی کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا جارہا ہے۔ کراچی میں آج بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں آج بھی سمندر کی جانب سے جنوبی مغربی ہوائیں شام تک معطل رہیں گی اور شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے لیکن محسوس کئے جانے والا درجہ حرارت 42 ڈگری سے بھی تجاوز کرسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کل سے سمندری ہوائیں بحال ہوجائیں گی جسکے باعث درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔ پیر اور منگل کے روز کراچی میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے 2 دن بہتر موسم رہنے کے بعد بدھ سے ایک بار پھر گرمی کی شدت میں اضافہ کی پیشگوئی کی ہے۔ 30 مارچ سے شہر قائد کے درجہ حرارت میں اضافہ ہوا ہے اور ماہ رمضان میں بھی کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں سے دن کے اوقات میں غیرضروری گھروں سے نہ نکلنے اور باہر جانے کی صورت میں سر کو ڈھانپنے کی اپیل کی ہے۔ موسم گرما کے پیش نظر شہریوں کو زیادہ سے زیادہ پانی اور ٹھنڈے مشروبات استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔