کمشنر کراچی محمداقبال میمن کی ہدایت پر ماہ رمضان المبارک میں سرکاری نرخوں پر کھانے پینے کی اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں ماہ رمضان کے پہلے روز تمام اضلاع میں ضلعی انتطامیہ کے افسران نے گراں فروشی کے خلاف کارروائی کی۔
کمشنر کراچی کی ہدایت پر پہلے روزہ کے روز کارروائی کر تے ہوئے چھ اضلاع کے کے متعلقہ افسران نے 191گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی۔
آٹا، فروٹ، سبزی، دالیں، مصالحہ جات، دودھ، انڈے،گوشت، کھجلہ پھینی، کھجور، بیسن سمیت دیگر کھانے پینے کی اشیاء میں گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں پر مجموعی طور پر 8 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عاید کیا گیا۔
ضلع کورنگی میں اکیس دکانداروں، ضلع شرقی میں 55 گراں فروشوں، ضلع وسطی میں 17 گراں فروشوں، ضلع ملیر میں 40 ، ضلع جنوبی میں 51 اور کورنگی میں سات گراں فروشوں کے خلاف کاروائی کی گئی۔
کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ گراں فروشی کے خلاف مہم جاری رکھیں اور روزہ داروں کو سرکاری نرخوں پر اشیاء کی فروخت کو یقینی بنائیں۔
کمشنر نے کہا ہے روزہ داروں کو ماہ رمضان المبارک میں قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنے اور سرکاری قیمت پر اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے گراں فروشوں کے خلاف مہم جاری رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ انتظامیہ کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ روزہ داروں کو ماہ رمضان المبار ک میں اشیا خوردونوش مناسب قیمت پر دستیاب ہوں ۔