متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما حیدر عباس رضوی کی گاڑی ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر چھین لی اور فرار ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدرعباس رضوی کی ویگو گاڑی انکے ڈرائیور سے گن پوائنٹ پر گلشن اقبال کے قریب پٹیل اسپتال کے باہر سے چھینی گئی ہے۔ حیدر عباس کے زیر استعمال گاڑی اسلام آباد رجسٹرڈ ہے۔
حیدر عباس کا بیٹا اپنے دوست کو طبعیت کی خرابی کے باعث اسپتال چیک اپ کے لیے لے کر گیا تھا، اہل خانہ حیدر عباس نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان ڈرائیور سمیت گاڑی لے گئے تھے۔
ڈرائیور نے بتایا کہ اسپتال کے قریب بچوں کو اتار کر گاڑی پارک کرکے سیٹ پر بیٹھا تھا کہ دو مسلح ملزمان آئے اور منہ پر کپڑا ڈال دیا، ایک ملزم نے گاڑی چلائی، مجھے صفورہ چوک پر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
حیدر عباس رضوی کی گاڑی چھیننے کا مقدمہ گلشن اقبال تھانے میں درج کرلیا گیا ، مقدمہ ڈرائیورکی مدعیت میں درج کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق گاڑی چھننے کا واقعہ گزشتہ روز نو بج کر بیس منٹ پر پیش آیا ، مقدمہ دو نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کیا گیا۔