کراچی کے علاقے پہلوان گوٹھ گلستان جوہر میں بھائی نے غیرت کے نام پر بہنوئی کو قتل کردیا جبکہ فائرنگ سے اپنی بہن کو بھی زخمی کردیا۔
رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا ہے، فائرنگ کرنے والا شخص زخمی خاتون کا بھائی اور مقتول کا سالہ ہے، خاتون اور مرد نے پسند کی شادی کی تھی۔
میاں اور بیوی کی شناخت محمد صفدر اور عذرا بتول کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت عباس کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم فائرنگ کے واقعے کے بعد فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق زخمی لڑکی کو سر پر گولی لگی ہے جس کے باعث وہ شدید زخمی ہے، عذرا کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے، جو جناح اسپتال میں زیر علاج ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول صفدر کا تعلق ملتان سے تھا اور وہ ہوٹل میں ویٹر کا کام کرتا تھا۔
معلوم ہوا ہے کہ ایک ماہ قبل شادی کرنے والے میاں بیوی کو لڑکی کے گھر والوں نے دعوت پر بلایا تھا، جہاں لڑکی کے بھائی عباس نے بہن اور بہنوئی پر فائرنگ کی، جس سے مقتول صفدر موقع پر ہی دم توڑ گیا، جب کہ عذرا سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئی، فائرنگ کے بعد عباس موقع سے فرار ہو گیا۔
پولیس حکام کے مطابق ایس پی گلشن عزیر احمد نے پولیس کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور کے 3 خول ملے ہیں، ملزم عباس رکشہ ڈرائیور ہے جس کی تلاش کی جا رہی ہے۔