کراچی میں سوشل میڈیا پر خواتین کو ہراساں کرنے پر 3 ملزمان گرفتار

شہرقائد میں خواتین کو سوشل میڈیا پر ہراساں اور انہیں بلیک میل کرنے کے تین نئے کیس سامنے آگئے۔ سوشل میڈیا کے ذریعے سابق منگیتر ، سابق اہلیہ اور سابق دوست کو ہراساں کرنے کے الگ الگ واقعات رپورٹ ہوئے۔ تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

 

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے خواتین کو سوشل میڈیا پر ہراساں اور بلیک میل کرنے والوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ایف آئی اے کے ہیڈ آف سائبر کرائم عمران ریاض کے مطابق ملزم فیضان شاہ کو اہلیہ کو ہراساں کرنے کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔

 

فیضان شاہ کی سابق اہلیہ نے مار پیٹ، تشدد اور میکے سے رقم منگوانے پر خلع لے لی تھی۔ ملزم نے انتقامی کارروائی پر کینسر کی مریضہ سابق اہلیہ سے متعلق مواد خاتون کے بھائی کو بھیجا، ملزم نے مواد سوشل میڈیا پر ڈالنے کا کہہ کر سابق اہلیہ کے بھائی کو بلیک میل کیا، شکایت پر ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

 

عمران ریاض نے بتایا کہ کراچی سے ایک اور ملزم عاقب علی کو بھی خاتون کو بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ عاقب علی کمشنر آفس میں کلرک ہے، جو دفتر آنے والی خاتون کو نمبر لے کر ہراساں کر رہا تھا، متاثرہ خاتون ماں کے ساتھ کسی کام کے سلسلے میں کمشنر آفس گئی تھی۔

 

ہیڈ آف سائبر کرائم کے مطابق ملزم عاقب علی خاتون کو مسلسل سوشل میڈیا کے ذریعے بلیک میل کر رہا تھا، وہ خاتون کو بلیک میل کر کے 5 لاکھ روپے اور زیورات پہلے ہی ہتھیا چکا تھا، ملزم خاتون کو تعلقات قائم رکھنے کے لیے بلیک میل کرتا تھا۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی سے ایک اور ملزم محمد طلحہٰ کو بھی سابق منگیتر کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔  بلیک میلنگ کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال پر گرفتار کئے گئے تمام ملزمان کے خلاف پیکا کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

 

Spread the love
جواب دیں
Related Posts