یونیورسٹی روڈ پر ڈکیتی کے دوران باپ کے سامنے بیٹے کو مزاحمت کرنے پر قتل کر دیا گیا ، افسوسناک واقعے کا مقدمہ مقتول عمیر بٹ کے والد سرفراز بٹ کی مدعیت میں مبینہ ٹاون تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گذشتہ روز موسمیات کے قریب پیش آیا تھا، مقتول کے والد نے بتایا کہ جب وہ یونیورسٹی روڈ پر دوا اور فروٹ لینے کے لیے رکے تو 2 موٹرسائیکل پر سوار 4 ملزمان آئے اور اسلحہ نکال لیا اور مجھ سے موبائل اور 15 ہزار روپے چھینے۔
اسی اثنا میں میرا بیٹا عمیر کار میں جیسے ہی مزاحمت کے لیے جھکا تو ملزمان نے فائرنگ کردی ، فائرنگ سے میں بچ گیا ، مگر بیٹا نا بچ سکا۔
والد کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے کو مزاحمت پر میرے سامنے قتل کردیا گیا، واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔
خیال رہے کہ رینجرز کی جانب سے یہ اپیل کی گئی ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پرقریبی رینجر ز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں، آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔