پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے کی رقم میں اضافہ کردیا گیا۔ جرمانوں میں 10 گنا تک اضافہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے اوپن لیٹر پر گاڑیاں اور موٹرسائیکل چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جرمانے کی رقم 5 ہزار روپے تک کردی گئی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پولیس کی جانب سے کراچی میں اوپن لیٹر پر جرمانہ 500 روپے سے بڑھاکر 5 ہزار روپے کیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے دیگر چالان کی رقم میں بھی اضافہ زیرغور ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز کا کہنا ہے کہ شہری گاڑیاں اپنے نام پر کروائیں۔ اوپن لیٹر کے باعث کسی بھی واقعہ کے بعد تحقیقات میں بہت مسائل پیش آتے ہیں۔ شہری جرمانوں سے بچنے کیلئے گاڑیاں لازمی اپنے نام پر کروائیں۔