پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں جرائم پیشہ افراد نے ٹیکنالوجی کا سہارا لینا بھی شروع کردیا۔ پولیس نے آن لائن اسلحہ فروخت کرنے والے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی ) نے کراچی کے علاقے پیر آباد میں کارروائی کے دوران اسلحے کی فروخت میں ملوث دو ملزم گرفتار کرلیے ۔
گرفتار ملزمان کی شناخت نذر شاہ اور محمد شاہد کے نام سے ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی کراچی حکام کے مطابق ملزمان فیس بک اور واٹس ایپ کے ذریعے اسلحہ کی خریدوفروخت میں ملوث ہیں۔
حکام کے مطابق ملزمان نے فیس بک پر فاٹا آرم آفریدی بھائی برانڈ کے نام سے پیج بنایا ہوا ہے، پسندیدہ اسلحہ کی قیمت کا تعین فیس بک پیج پر ہی کیا جاتا ہے۔
ملزمان اسلحہ ڈیلیوری سے قبل دس فیصد رقم آن لائن وصول کرتے ہیں اور اسلحہ تین سے چار روز میں ملک کے کسی بھی حصے میں ڈیلیور کردیا جاتا ہے۔
حکام نے بتایا کہ ملزمان اسلحہ کی ڈیلیوری بس کے ذریعے کرتے تھے ، گرفتار ملزمان سے دو ٹی ٹی اور ایک نائن ایم ایم پستول بھی برآمد کرلیا گیا ۔