کراچی میں آج بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان، محکمہ موسمیات

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں مون سون سیزن کا آغاز ہوگیا ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی، محکمہ موسمیات نے آج بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ رات گئے نمائش، ایم اے جناح روڈ، گرومندر، سپرہائی وے، نارتھ ناظم آباد، سرجانی ٹاؤن اور نارتھ کراچی میں برسات سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ ملیر، کورنگی، لانڈھی اور ڈی ایچ اے میں بھی بارش ہوئی۔

اس کے علاوہ شارع فیصل، گلشن اقبال، گلشن معمار، گلستان جوہر، صفورا چورنگی، عائشہ منزل، لیاقت آباد، ناظم آباد، لانڈھی، کورنگی اور ابراہیم حیدری میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے شہر میں آج بھی وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے  آج 40 سے 50 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کراچی میں سات سے گیارہ جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی کررکھی ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رات گئے بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ اولڈ سٹی ایریا، کلفٹن اور متصل علاقوں میں بارش کے پانی کو کلیئرکردیا گیا ہے۔ ضلع جنوبی کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کا جائز ہ لینے نکلا ہوں۔

مرتضیٰ وہاب نے شاہراہ فیصل کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ میٹروپول سے ایئرپورٹ تک شاہراہ فیصل کا معائنہ کیا ہے۔ فلک ناز کا روایتی چوکنگ پوائنٹ بھی کلیئر ہے۔ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام ٹیمیں اور مشینری سڑکوں پر موجود ہے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts