پاکستان میں کل بروز بدھ 12 اپریل (21 رمضان) کو حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے یوم شہادت پر ملک بھر مجالس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ کراچی میں یوم علی کے جلوس کا روٹ اور ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔
یوم حضرت علی ؓ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا اور اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہے حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ کراچی پولیس کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔
ٹریفک پولیس کے جاری کردہ پلان کے مطابق یوم علی کا مرکزی جلوس دوپہر 1 بجے نشترپارک سے برآمد ہوگا۔ جلوس نشتر پارک سے سرشاہ نواز بھٹو روڈ، فادر جیمنس روڈ، ایم اے جناح روڈ، منسفیلڈ اسٹریٹ، ریگل چوک، پریڈی اسٹریٹ، دوبارہ ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ، بھٹی بازار، کھارادر، نواب محبت خانجی روڈ سے ہوتا ہوا رات 8 بجے حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق جیسے ہی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا شہر کی جانب سے آنے والی تمام ٹریفک کو سولجر بازار، کوسٹ گارڈ، انکل سریا چوک چڑیا گھر سے نشتر روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
تمام ٹریفک جو ناظم آباد سے ایم اے جناح روڈ کی طرف آرہی ہوگی اسے لسبیلہ چوک سے نشتر روڈ کی جانب گارڈن کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ لیاقت آباد سے ایم جناح روڈ کی جانب آنے والی ٹریفک کو تین ہٹی چوک سے مارٹن روڈ پر جیل روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
تمام گاڑیوں کو جیل چورنگی فلائی اوور تک جانے کی اجازت ہوگی اور یہ تمام گاڑیاں جیل روڈ سے ہوتی ہوئی جمشید روڈ، دادا بھالی نور جی روڈ، کشمیرروڈ شاہراہ قائد میں سے شاہراہ فیصل سے ہوئی ہوئی اپنی منزل مقصود پر پہنچیں گی۔
اسٹیڈیم روڈ سے ایم اے جناح روڈ آنے والی ٹریفک کو نیو ایم اے جناح روڈ کی جانب آنے کی اجازت ہوگی۔ یہ گاڑیاں دادا بھالی نورجی روڈ، کشمیر روڈ اور سوسائٹی لائٹ سگنل سے ہوتی ہوئی براستہ شاہراہ قائدین سے شاہرہ فیصل جاسکیں گی۔
سپرہائی وے گلبرگ سے ایم اے جناح روڈ کی جانب آنے والی ٹریفک کو لیاقت آباد 10 نمبر سے ناظم آباد چورنگی نمبر 2 کی جانب موڑ دیا جائے گا جو براستہ حبیب بینک فلائی اوور، اسٹیٹ ایونیو روڈ، شیرشاہ سے ماڑی پور تک جاسکیں گی۔
ہرقسم کی چھوٹی بڑی ٹریفک کو گرومندر چوک سے آگے جلوس کے روٹ پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس تمام ٹریفک کو بہادر یار جنگ روڈ پر موڑ دیا جائے گا۔ شاہراہ قائدین سے نمائش چوک کی جانب آنے والی ٹریفک کو سوسائٹی آفس چورنگی سے آگے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
جن گاڑیوں پر جلوس میں شامل ہونے کا اسٹیکر چسپاں ہوگا صرف ان گاڑیوں کو سوسائٹی آفس چورنگی سے آگے جانے کی اجازت دی جائے گی۔
جلوس کے اگلا سرا ایم اے جناح روڈ مینسفیلڈ اسٹریٹ پہنچے گا تو تمام ٹریفک جو صدر اور دوسری کالونیوں کی طرف جانا چاہے گی اسکو ایمپریس مارکیٹ کی طرف سے پریڈی اسٹریٹ، کورٹ روڈ چوک اور فریسکو چوک کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ایم اے جناح روڈ سے صدر آنے والی ٹریفک کو بھی پریڈی اسٹریٹ، آغا خان روڈ، منسفیلڈ اسٹریٹ کی طرف سے صدر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام ٹریفک جو گارڈن چڑیا گھر سے آغا خان روڈ کی طرف سے ہوتے ہوئے ایم اے جناح روڈ کی جانب جانا چاہے گا اس تمام ٹریفک کو انکل سریا اسپتال سے آگے جانے نہیں دیا جائے گا۔
نذر اور نیاز والی گاڑیاں شام 4 تا 6 بجے تک ٹاور سے بولٹن مارکیٹ نزد کھارادر پولیس اسٹیشن سے جلوس میں نذر و نیاز تقسیم کرسکیں گی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق عوام 21 رمضان المبارک کو جلوس کے باعث متبادل راستے استعمال کریں۔ ٹریفک پولیس کے اہلکار عوام کی رہنمائی کےلیے ڈائی ورژن پر موجود ہوں گے۔