پی ٹی آئی کا لانگ مارچ، عمران خان کے زیرقیادت قافلہ صوابی پہنچ گیا

پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کا آغاز ہوگیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بذریعہ ہیلی کاپٹر ولی انٹرچینج پہنچے جسکے بعد بذریعہ روڈ صوابی روانہ ہوئے۔

 

عمران خان کے ہمراہ سینیٹر فیصل جاوید ، شہباز گل اور دیگر رہنما بھی موجود ہیں جبکہ عوام کی بھی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔

 

عمران خان اس دوران حقیقی آزادی مارچ کیلئے بنائے گئے خصوصی کنٹینر پر سوار ہوئے اور ہاتھ ہلا کر کارکنان سے اظہار تشکر کیا اور انکا حوصلہ بڑھایا۔ عمران خان قافلے کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد کی جانب جائیں گے۔


چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے روانگی سے قبل ویڈیو پیغام جاری کیا اور عوام کو ولی انٹرچینج پہنچنے کی دعوت دی۔ ٹوئٹر پر جاری ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہا کہ میں اس وقت پشاور سے مارچ کا آغاز کررہا ہوں اور ولی انٹر چینج پہنچ رہا ہوں۔

 

انہوں نے کہا کہ میں سارے پختونخوا کے لوگوں کو دعوت دے رہا ہوں کہ وہاں پہنچیں میں ادھر سے آزادی مارچ کے کاروان کو لیڈ کروں گا، وہاں سے اسلام آباد  کی طرف نکلیں گے۔

 

عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے میرے ساتھ سب نکلیں گے، یہ پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن وقت ہے، ہم حقیقی آزادی لے کر رہیں گے۔

Spread the love
جواب دیں
Related Posts