وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کے لیے اعلان کردہ خصوصی رمضان ریلیف پیکج کا حجم ساڑھے 7 ارب روپے سے بڑھا کر ساڑھے 12 ارب روپے کردیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے رمضان ریلیف پیکج کے حجم کے ساتھ دائرہ کار بھی بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔ ریلیف پیکج کے تحت یکم رمضان سے اختتامِ رمضان تک عام بازار سے کم نرخ پر اشیا فروخت کی جائیں گی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت دی ہے کہ زیادہ سے زیادہ غریب، نادار اور مستحق افراد تک رمضان ریلیف پیکیج پہنچایا جائے۔
اس حوالے سے یوٹیلٹی اسٹورز اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ساتھ موبائل یونٹس بھی کھانے پینے کی سستی اشیا دیں گے۔
ابتدائی طور پر 1200 موبائل پوائنٹس اور 300 مستقل پیکج ریلیف مراکز قائم کیے جارہے ہیں، متعین مقامات کے علاوہ ٹرک مختلف علاقوں میں غریب عوام کو سستی اشیائے خوردونوش پہنچائیں گے۔مقام کا تعین جدید ٹیکنالوجی ’جی پی ایس‘ کی مدد کیا جائے گا۔
ریلیف پیکج کے ذریعے 3 کروڑ 96 لاکھ خاندانوں کو سستے داموں اشیا دی جائیں گی، آٹے پر فی کلو 77 روپے اور گھی پر فی کلو 70 روپے سبسڈی دی جائے گی۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت آٹا، چاول، دال، گھی، چینی، شربت اور دودھ مارکیٹ سے کم قیمت پر فروخت کیا جائے گا۔